ٹنگمرگ+بانڈی پورہ+سوپور //ٹنگمرگ اور بانڈی پورہ میںپولیس نے کووڈ 19 کے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کیلئے ائمہ مساجد ، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹروں سے میٹنگ کی۔ٹنگمرگ پولیس نے ائمہ مساجداور کنزر ،چندی لورہ، ٹنگمرگ اوربابا ریشی ٹریڈرس ایسوسی ایشنوں کے عہدیداروں سے دست تعاون طلب کیا ۔ایس ڈی پی او ہلال خالق نے کنزر اور بابا ریشی میں ائمہ مساجداورمعززشہریوں کے علاوہ تجارتی انجمنوں سے الگ الگ میٹنگ کرکے کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے وضع کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی۔اس دوران بانڈی پورہ پولیس نے بھی تاجروں،ٹرانسپورٹروں اور ائمہ مساجد کے ساتھ ایک ملاقات کی۔میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہدنے کی ۔میٹنگ کے دوران ایس ایس پی نے شرکاء پر زور دیا کہ حالیہ سرکاری احکامات اور محکمہ صحت کی جانب سے وقتا فوقتا کووڈ 19پر قابو پانے کی کوششوں کے سلسلے میں جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔شرکاء نے انہیں یقین دلایا کہ وہ حکومت اور محکمہ صحت کے مشوروں پر عمل کریں گے۔ادھر سوپور پولیس نے ضلع میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آگاہی اور ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے ائمہ مساجد سے ملاقات کی۔اس موقع پر مختلف عوامی مقامات پرماسک مفت تقسیم کئے ۔لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ کورونا کو سنجیدگی سے لیں اور ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔