واشنگٹن//سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پرموجودہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایک مرتبہ پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کالج طلاب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ اس وبا نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے سربراہان حتیٰ کہ انچارج ہونے کا بہانہ یا ڈرامہ تک نہیں کررہے۔گریجویٹ کرنے والے کئی درجن طلبا سے اپنے خطاب میں اوباما نے کہا کہ اس وبا کے پھیلنے کے بعد ملکی قیادت کی ناکامیوں کا راز فاش ہو گیا اور ساتھ ساتھ اس بات سے بھی پردہ اٹھ گیا ہے کہ اکثر افراد جو ذمہ دار بنے گھوم رہے ہیں وہ یہ تک نہیں جانتے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔اوباما نے اس خطاب کے دوران سیاہ فام امریکیوں سے ہونے والی زیادتیوں خصوصاً فروری میں جاگنگ کرتے ہوئے سفید فام افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے شخص احمد آربری کا ذکر بھی کیا۔