کنگن// گنڈ کنگن میں آوارہ کتے نے ایک بچی کوکاٹ کھاکرزخمی کیا۔ فراو ہاکنار گنڈ میں آوارہ کتے نے 9 برس کی بچی حمیرا ظہور دختر ظہور احمد ساکن فراو ہاکنار گنڈ کو زخمی کردیا۔ایک مقامی شہری غلام رسول نے بتایا کہ مذکورہ بچی کو علاج و معالجہ کے لئے ٹراما ہسپتال گنڈ پہنچایا گیا اور وہاں پر مرحم پٹی کی گئی مگر وہاں پر اینٹی ربیز ویکسین دستیاب نہیں تھی جس کے بعد مذکورہ بچی کو اینٹی ریبیز ویکسین کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر کلن منتقل کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں آوارہ کتوں نے دہشت مچارکھی ہے جس کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔در اثناء کلن، گنڈ اور گگن گیر ریزن کے لوگوں نے بھی بتایا کہ ان علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کی بھاری تعداد موجود ہونے کی وجہ سے لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع کے دوسرے علاقوں سے آوارہ کتوں کو رات کے دوران گاڑیوں میں لاکر ان علاقوں میں ڈالا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں کتوں کی تعداد میں روزبروزاضافہ ہوتا جارہا ہے۔