نواز رو نیال
رام بن // ضلع رام بن کے کنگا علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک میڈیکل شاپ پر غلط انجکشن لگائے جانے کے بعد تین سالہ کمسن بچے کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق تین سالہ اریان احمد ولد شان محمد، ساکن کنگا تحصیل و ضلع رام بن، گزشتہ روز اچانک بیمار ہوگیا۔ اہل خانہ صبح کے وقت علاج کی غرض سے بچے کو کنگا بازار میں موجود ایک میڈیکل شاپ پر لے گئے جہاں مبینہ طور پرایک دوا ساز نے بغیر کسی مستند ڈاکٹر کے تحریری نسخے اور طبی معائنے کے بچے کو انجکشن لگا دیا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انجکشن لگنے کے فوراً بعد بچے کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ بچے کو فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی جموں کشمیر پولیس کی ٹیم تھانہ دھرم کنڈ حرکت میں آئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی انجام دی۔ پولیس نے ضروری قانونی لوازمات مکمل کرنے اور ابتدائی جانچ کے بعد لاش آخری رسومات کے لیے ورثا کے حوالے کر دی۔پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور بچے کی موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر تحقیقات میں غفلت یا غیر قانونی طبی عمل ثابت ہوا تو متعلقہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔