محمد بشارت
راجوری//ضلع راجوری کے سب ڈویژن کوٹرنکہ کے پنچایت حلقہ سواڑی سے تعلق رکھنے والا ایک کمسن لڑکا ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت محمد طاہر ولد نظیر حسین، عمر تقریباً 15 سال کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے مال مویشیوں کے ساتھ نیلی ٹھنڈ مال ڈھوک کنڈی کے پہاڑی علاقے میں موجود تھا۔مقامی ذرائع کے مطابق محمد طاہر روزانہ کی طرح اپنی بھیڑ بکریاں چرانے کے لیے جنگلاتی علاقے میں گیا ہوا تھا۔ اسی دوران جھاڑیوں میں چھپے ایک ریچھ نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔ ریچھ کے حملے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا۔واقعہ کے فوراً بعد وہاں موجود دیگر چرواہوں اور مقامی افراد نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی لڑکے کو ریچھ کے چنگل سے بچایا۔
بعد ازاں زخمی کو فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا ابتدائی علاج کیا۔ڈاکٹروں کے مطابق محمد طاہر کے جسم پر متعدد زخم آئے ہیں تاہم بروقت طبی امداد ملنے سے اس کی جان بچ گئی۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مزید بہتر علاج کے لیے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی لڑکے کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے اور اسے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ادھر مقامی لوگوں نے جنگلاتی علاقوں میں ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کی بڑھتی نقل و حرکت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے محکمہ جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی آبادی اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔