عظمیٰ نیوزسروس
جموں//آج یعنی30جنوری سے شروع ہونے والے کل ہندپولیس ہاکی چیمپئن شپ کو کامیاب بنانے کیلئے ہرایک افسراوریونٹ کواپنی بھرپور کوششیں کرنی چاہیے۔اس بات کااظہارپولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس حکام کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے حکام کو ہدایات دیں کہ وہ کھلاڑیوں کیلئے اس چیمپین شپ کو یادگار بنانے کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ شرکاء ملک کے مختلف حصوں سے آرہے ہیںاورانہیں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے افسروں پرزرودیا کہ وہ چیپمین شپ کیلئے بہتر سے بہترانتظامات کویقینی بنائیںاورانہیں تفویض فرائض کو بخوبی انجام دیں۔ انہوں نے اس دوران میزبانی کابے مثال نمونہ پیش کرنے پرزرودیااور اس کیلئے باہمی تال میل کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے شرکاء کیلئے موثراوربہترطبی سہولیات کی فراہمی کی بھی تلقین کی۔میٹنگ میں انہوں نے شرکاء کیلئے قیام ،طعام،ٹرانسپورٹیشن،طبی خدمات، پارکنگ سہولیات،تشہیر،کھیل میدانوں کی دیکھ ریکھ وغیرہ پر زوردیا۔
اے ڈی جی پی نے تیاریوں کا جائزہ لیا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس جے ایم گیلانی نے یہاں پولیس حاکموں کی ایک میٹنگ میں 30جنوری سے8فروری تک کھیلے جانے والے کل ہندپولیس ہاکی چیمپین شپ 2023-24کے کامیاب انعقادکیلئے حتمی انتظامات کاجائزہ لیا۔چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب کی مشق بھی کے کے ہکوسٹیڈیم جموں میں انجام دی گئی۔جائزہ میٹنگ میں قرعہ اندازی کے ذریعہ مردوں کے زمرے میں آٹھ گروپوں میں ٹیموں کورکھاگیا جن میں اے گروپ میں پنجاب ،کرناٹک اور ہماچل کوجگہ ملی،بی گروپ میں آئی ٹی بی پی، مہاراشٹر اور راجستھان، گروپ سی میں اڑیسہ، اتراکھنڈ اور اترپردیش، گروپ ڈی میں سی آئی ایس ایف ،گجرات اورچندی گڑھ،گروپ ای میں جموں کشمیر،چھتیس گڑھ،اورایس ایس بی،گروپ ایف میں تمل ناڈ،بی ایس ایف،اورہریانہ ،گروپ جی میں سی آرپی ایف،کیرالہ اورآرپی ایف اورگروپ ایچ میں مغربی بنگال،تلنگانہ،پڈوچری اورجھارکھنڈ۔خواتین کے زمرے میں چارگروپ بنائے گئے جن میں گروپ اے میں سی آر پی ایف اورہریانہ رکھے گئے،گروپ بی میں ایس ایس بی اور اترپردیش،گروپ سی میںاڑیسہ ،مہاراشٹراورگجرات اور گروپ سی میں تمل ناڈ اور ہماچل کو جگہ ملی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس جے ایم گیلانی نے کہا کہ ملک بھر سے34ہاکی ٹیمیں اس چیمپین شپ میں حصہ لیں گی ۔انہوں نے اس کیلئے حکام کو تمام سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی۔اے ڈی جی پی نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹ کومنعقد کرناجموں کشمیر کیلئے ایک اعزازہے اور ہم اس میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر عملہ کو ہرممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس کیلئے انتظامات کرنے والے عملہ سے کہا کہ وہ ہرممکن وسائل کوبروئے کار لاکر اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں۔