کشتواڑ میں ناساز موسمی صورتحال کے دوران پولنگ سٹیشنوں پر بھیڑ رہی

 عاصف بٹ

کشتوڑ //ضلع بھر میں خراب موسمی صورتحال کے باجود پولنگ د ن بھر جاری رہنے کے بعد پرامن طور اختتاام پذیرہوئی۔ادھم پور کٹھوعہ پارلیمانی نشست کیلئے انتخابات ضلع بھر کے 405 پولنگ مراکز میں خوش اسلوبی کیساتھ اختتام پذیر ہوئے اور قریب 67 فیصد پولنگ ہوئی۔ اگرچہ صبح کے وقت پولنگ کا سلسلہ کم تھا لیکن وقت بڑھنے کے ساتھ ساتھ اور موسم میں بہتری آتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آے اور اپنے ووٹ ڈالنے لگے۔ مڑواہ واڑون میں بارش کا سلسلہ جاری تھا تاہم باوجود اسکے بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا۔ضلع میں کل بارہ ماڈل پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے جن میں تین خواتین کیلئے مختص رکھے گئے تھے ۔یہ مراکز کشتواڑ پاڈر و اندروال میں بنائے گئے تھے ۔اس کے علاوہ کشتواڑ ضلع میں معذور افراد کیلئے بنائے گئے پولیس سٹیشن پر مذکورہ افراد کیلئے سہولیات بھی فراہم کی گئی تھی ۔وہی تین پنک پولیس سٹیشن بھی قائم تھے جبکہ نوجوانوں کی دلچسپی کیلئے بھی خصوصی مراکز بنائے گئے تھے ۔ضلع میں کل ووٹر کی تعداد 175787تھی جس میں مرد ووٹر 90027جبکہ خواتین کی تعداد85580 اور معذوز ووٹر کی تعداد 3383 تھی۔ضلع کے کل 405 پولنگ مراکز میں سے 212 پر سی سی ٹی وئی کے ذریعے خصوصی نگرانی رکھی جارہی تھی اور ان مراکز کو لایو کوریج کے ذریعے دیکھا جارہا تھا۔ جبکہ پانچ سو سے زائدگاڑیوں پر جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا تھا۔90سالہ بدری ناتھ نے اپنا ووٹ ٹاگود بی میں ڈال وہی بزرگ خاتون کو وہیل چیر پر لایاگیا اور انھوں نے اپنا ووٹ پنک پولنگ بوتھ کشتواڑ میںڈالا۔اٹھارہ سالہ ووٹر تنوی شرما نے بتایا کہ انھوں نے اپنا ووٹ بہتر مستقبل تعمیر وترقی کیلئے ڈالا ہے ۔سابقہ وزیر سنیل کمار شرما نے بھی اپنا ووٹ ہٹاکے پولنگ بوتھ میں ڈالا جبکہ سابقہ وزیر جی ایم سروڑی نے سرتھل میں اپنا ووٹ ڈالا۔سابقہ وزیر مملکت سجاد کچلونے بھی اپنا ووٹ ٹونہال میں ڈالاجبکہ ڈی ڈی سی چیئر مین پوجا ٹھاکر نے اپنا ووٹ لوپارہ کے پولنگ بوتھ میں ڈالا۔ پانچ مقامات پر مشینوں میں تکنیکی خراب آنے کے بعد انھیں فوری طور تبدیل کردیاگیا جسکے بعد دوبارہ سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔