کشتواڑ میں المناک واقعہ عارضی خیمے پر درخت گرا، خانہ بدوش کنبے کے 4افراد لقمۂ اجل

عاصف بٹ

کشتواڑ //کیشوان کشتواڑ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک قیامت خیز واقعہ میں قبائلی خانہ بدوش کنبے کے عارضی خیمے پر دیودار کا درخت گر گیا، جس کے نتیجے میں خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی۔یہ واقعہ کیشوان پٹی کے بالنہ جنگلاتی علاقے میں پیش آیا۔ حکام نے مزید کہا کہ تیزہواؤں اور شدید بارش سے دیودار کا بڑا درخت اکھڑ گیا، جس نے خانہ بدوش کنبے کی تین خواتین سمیت چار افراد کی جان لی جبکہ متعدد بھڑیں بھی ہلاک ہوئے۔مذکورہ کنبے نے درخت کے ساتھ ہی خیمہ نصب کیا تھا۔

 

 

 

حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والی تیز بارش کے بعد تیز ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے ضلع ہیڈکوارٹر سے 50 کلومیٹر دور کیشوان کے جنگلاتی علاقے کے بالنہ علاقے میں ایک درخت خیمے پر گر گیا۔انہوں نے بتایا کہ خانہ بدوش بکروال خاندان موسمی ہجرت کے پیش نظر اپنی بھیڑ بکریوں کے ساتھ دچھن کی طرف بڑھ رہا تھا اور بارش کی وجہ سے انہوں نے اپنا اگلا سفر روک دیا اور بالنہ کے جنگل میں اپنا خیمہ لگا لیا۔ڈی سی کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو نے بتایا کہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ میں کیشوان کے بالنہ علاقے میں مبینہ طور پر ایک درخت خیمے پر گرنے سے 3 خواتین سمیت 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔متوفین کی شناخت نذیر احمدولد چٹو (عمر55)، اسکی اہلیہ انور ہ بیگم (عمر42)، شمع بیگم( عمر 26)ا ور شکیلہ بانو (عمر17)ساکنان گھٹی بروال کٹھوعہ کے طور ہوئی ہے ۔جبکہ انکے کچھ بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

 

 

 

انہوں نے بتایا کہ پولیس پارٹی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جسکے بعد مہلوکین کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور نعشوں کو آخری رسومات کیلے ورثا کو سونپ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے متوفین کے لواحقین کو 50,000 روپے کی فوری امداد دی جا رہی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ لوگوں کو چاہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران گھروں سے باہر نہ نکلے جبکہ خانہ بدوش طبقے کو بھی محفوظ مقامات پر رکھنے کیلئے مقامی چوکیداروں کوکہا گیا ہے تاکہ جانی ومالی نقصان نہ ہو۔

 

لیفٹیننٹ گورنر
منوج سنہا نے کشتواڑ میں پیش آنے والے بدقسمت واقعہ میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”کشتواڑ میں ایک المناک واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرا غم ہے،میرے جذبات ان لوگوں کے ساتھ ہیں ،جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، “۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں۔