فیاض بخاری
بارہمولہ // ایک چونکا دینے والے واقعہ میں ضلع بارہمولہ کے بلاک واگورہ میں محکمہ دیہی ترقی (RDD) سڑک کے کنارے پڑے کچرے کے ڈھیروں کو صاف کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے، جس سے انسانی جانوں، عوامی اور ماحولیات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔نواں موڈ کے قریب کریری کوچک سڑک پر موجود کچرے نے اس علاقے کو مسافروں اور آس پاس کے رہائشیوں کے لیے ایک خطرناک زون میں تبدیل کر دیا ہے۔ صورت حال خاص طور پر بچوں کے لیے تشویشناک ہے، کیونکہ آوارہ کتوں کی ایک بڑی تعداد ڈمپنگ سائٹ کے ارد گرد منڈلا رہی ہے، جس سے ممکنہ حملوں کا خدشہ ہے۔رہائشیوں اور مسافروں نے الزام لگایا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ پریشانی بلاک ڈیولپمنٹ آفس واگورہ کے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے شروع ہوئی جنہوں نے مبینہ طور پر گرین بیلٹ، پلانٹیشن ایریا اور پبلک روڈ کو ڈمپنگ سائٹ کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچرا پھینکنے کے لیے عوامی زمین کا استعمال کرنا ایک مجرمانہ فعل ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے لیے محکمہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔کچرے کے ڈھیر نے آس پاس کے باغات کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے جس سے ماحولیاتی نقصان ہو رہا ہے۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) واگورہ منظور احمد نے اس معاملے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ا نہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی متعلقہ حکام بشمول تحصیلدار سے درخواست کر چکے ہیں کہ مناسب ڈمپنگ سائٹ کے لیے مناسب اراضی کی نشاندہی کی جائے، لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ بی ڈی او نے یقین دلایا کہ غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔