عظمیٰ نیوز سروس
دبئی// احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈول کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں ہند پاک مقابلے کے میچ کے تمام ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے ۔گزشتہ روز 29 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹکٹنگ پارٹنر نے پاک ہندوستان میچ کی ٹکٹس کی فروخت کے لیے اپنی خصوصی پری سیل ونڈو کا آغاز کیا تو صرف ایک گھنٹے میں تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے ۔ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا راؤنڈ 3 ستمبر کو ہوگا، تاہم یہ ممکن ہے کہ تمام ٹکٹس تیزی سے فروخت ہو جائیں گے ۔اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ وارم اپ میچز اور ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈکپ میچز کے لیے پری سیل ونڈو کے دوران ٹکٹس کی تعداد کتنی تھی لیکن معلوم ہوا ہے کہ 29 اگست کو شام 6 بجے پاکستان اور ہندوستان کے میچ کے ٹکٹس فروخت ہونا شروع ہوئے جس کے ایک گھنٹے بعد تمام ٹکٹس تیزی سے فروخت ہوچکے تھے ۔آئی سی سی کے ٹکٹنگ پارٹنر ‘بُک مائی شو’ کی ویب سائٹ پر پاکستان اور ہندوستان کے میچ پر ‘سولڈ آؤٹ’ (یعنی تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں) لکھا تھا، جبکہ ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے دیگر 8 ٹیموں پر کچھ بھی نہیں لکھا تھا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘آج کی ٹکٹوں کی فروخت صرف ان لوگوں کے لیے تھی جن کے پاس ماسٹر کارڈ (کریڈٹ یا ڈیبٹ) تھے ، ہر شخص کو زیادہ سے زیادہ دو ٹکٹ خریدنے کی اجازت تھی، اور جیسا کہ توقع تھی، ایک گھنٹے کے اندر شائقین نے تمام ٹکٹس خرید لیے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ تاہم یہ ممکن ہے کہ 3 ستمبر کو دوبارہ ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی، اچھی خبر یہ ہے کہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار شائقین کی گنجائش ہے لہٰذا 3 ستمبر کو کافی تعداد میں ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔