نیویارک //کرونا وائرس کی مہلک وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے امریکہ میں تیار کی گئی ویکسین کی کلینکل ٹرائل شروع کر دی گئی ہے۔ نیویارک میں گزشتہ سوموار کو پہلے رضا کار کے بازو میں اس ویکسین کا انجکشن لگایا گیا۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق، ان رضاکاروں کو یہ ڈوز یونیورسٹی آف میری لینڈ کے ٹرائل سینٹر اور نیویارک یونیورسٹی لیگون ہیلتھ میں دئے گئے اور انسانوں پر یہ تجربات ادویات کی کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک کے تعاون سے کئے جا رہے ہیں۔اسی طرح کے تجربات فائزر کمپنی کے تحت جرمنی میں بھی شروع کئے گئے ہیں۔ دنوں ممالک میں تجربات صحت مند مریضوں میں کئے جا رہے ہیں جنھیں تجرباتی طور پر تیار کی گئی چار ویکیسنوں یا سلائین سلوشن میں سے ایک کے دو دو ڈوز دئے جائیں گے۔اگر یہ ویکسن کامیاب رہے اور اس کی منظوری مل گئی تو ماہرین کو توقع ہے کہ اس ویکسین کے لاکھوں ڈوز تیزی سے تیار کرلیے جائیں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ادویات کی کمپنی فائزر پرامید ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) سے اس سال اکتوبر تک اس ویکسین کی ہنگامی منظوری مل جائے گی اور وہ اس سال کے اخیر تک اس کے بیس ملین ڈوز تقسیم کرنے کے قابل ہوں گے۔اگر آئندہ نو ماہ کے اندر ایک منظور شدہ ویکسین مارکیٹ میں دسیتاب ہوتی ہے، تو ماہرین کے مطابق، یہ ایک ریکارڈ ساز اور عجوبے کی مترادف پیش رفت ہوگی، چونکہ کسی ویکسین کی تیاری میں بعض اوقات عشرے لگ جاتے ہیں۔