عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی میں جمعرات کو کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور گرجا گھروں میں امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کرسمس کے موقعہ پرکشمیر بھر کے گرجا گھروں کو سجایا گیا۔مولانا آزاد روڈ پر واقع ہولی فیملی کیتھولک چرچ میں سب سے بڑا اجتماع ہوا، جہاں مسیحی برادری نے خصوصی دعائیں کیں اور یسوع مسیح کی پیدائش کا جشن منایا۔چرچ کے پادری فادر جان پال نے کہا کہ عقیدت مندوں نے کشمیر اور ملک میں امن و سکون کے لیے دعا کی۔ چرچ میں صبح سے ہی لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران وادی میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور عقیدت مندوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ یہاں مقامی باشندوں کے ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے، جو اتحاد اور ہم آہنگی کی مثال ہے۔فادر پال نے نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم نے کشمیر میں، پورے ملک میں امن اور سکون کے لیے دعا کی۔ ہم نے لوگوں کے لیے دعا کی کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کر سکیں۔کرسمس کے موقع پر یہاں برف باری نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فادر پال نے کہا کہ عقیدت مند برف باری کو یاد کرتے ہیں، لیکن موسم اب بھی اچھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہر اور میدانی علاقوں میں برف باری کی امید کر رہے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اندر انسانیت، بھائی چارے اور محبت کے جذبات کو بیدار کریں۔فادر پال نے کہاہم آہستہ آہستہ اپنی انسانیت، بھائی چارے اور محبت کے جذبات کو کھو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہم بھائیوں اور بہنوں کی طرح ہیں، ہمارے عقائد مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ہمارا مقصد ایک ہی ہے، عوام اور انسانیت کی بہتری اور ہم سب کو مل کر اسے آگے بڑھانا ہے۔”گلمرگ کے تاریخی گرجا گھر میں بھی دعائیہ مجلس کا انعقاد ہوا اور صبح کے وقت یہاں لوگوں کی اچھی خاصی تعداد موجود تھی۔وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس کی تقریب انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔یہاں بڑی تعداد میں سیاح پہنچ چکے تھے۔ گلمرگ میں کرسمس کے موقعہ پر زیادہ گہما گہمی دیکھنے میں آتی ہے جہاں ملکی ، غیر ملکی و مقامی لوگ ایک ساتھ کرسمس کا تہوار مناتے ہیں۔یہاں گرجا گھر میں خوبصورتی کیساتھ سجایا گیا تھا۔
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کی لوگوں کو مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کرسمس کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔منوج سنہا نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ میں کرسمس کے پر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں حضرت مسیح کی محبت، ہمدردی اور درگذر کی تعلیمات کو اپنائیں‘‘۔انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس ہمیں ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ترغیب دے اور یہ سب کے لئے امن، خوشحالی اور مسرت لے کر آئے۔عمر عبداللہ نے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میںکرسمس کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور اس تہوار کو امن، محبت اور ہمدردی کی علامت قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ہم آہنگی اور باہمی احترام کی مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ یہ تہوار سب کی زندگی میں امن، خوشحالی اور خوشی لائے۔