کٹھوعہ //فقط کانگریس ہی ریاست کے تینوں خطوں کی شکایات کا ازالہ کرکے لوگوں کی خواہشات کو پورا کر سکتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار ناموراکانگریسی لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے ہیرا نگر، نگری ۔پرول ،بڑوال او ر کٹھوعہ میں متعدد اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے 5 پیڑھیوں سے ریاست کے لوگوں کے ساتھ رشتہ کا اعادہ کیا اور ووٹروں کو سینئر کانگریسی لیڈر کو منتخب کرکے کنبہ کے ساتھ دوبارہ جُڑنے کی اپیل کرتے ہوئے۔اودہمپور۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ سے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ کو بھاری اکثریت سے پارلیمنٹ بھیجنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں گورننس کی غیر موجودگی سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بالا کوٹ حملے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ جس دن انڈین ائر فورس نے حملہ کیا ، اُسی دن راہل گاندھی نے پارٹی کی جانب سے مکمل حمایت کا اعلان کیا،تاہم انہوں نے بی جے پی کی جانب سے اسے اپنے مفاد کے لئے استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پلوامہ حملہ میں سیکورٹی کوتاہیوں کی جانچ کے لئے ایک اعلی ٰ سطحی کمیٹی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔