ڈوڈہ//ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں ضلع میں جاری کوڈ ٹیکہ کاری اور آر ٹی پی سی آر جانچوں کا جائزہ لیا۔ڈی سی نے متعلقہ افراد کو آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جانچ کو بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ایم او سے مزید کہا کہ وہ اہداف والے علاقوں کے ساتھ ساتھ گروپوں کے لئے بھی ٹیسٹنگ پلان پر عمل پیرا ہونے کے لئے 15 دن کا منصوبہ مرتب کرے اور وہ 2 اپریل تک یا اس سے پہلے اپنے دفتر میں جمع کروائے۔ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیتے وقت انہیںمطلع کیا گیاکہ مقررہ ایام پر ٹیکہ کاری کے انعقاد کے لئے ضلع میں کل 19ٹیکہ کاری مراکز قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ آج تک 34223 ویکسین ڈوز دی گئیں ہیں۔ڈی سی نے متعلقہ افراد سے آشا کارکنوں ، آنگن واڑی کارکنوں کے ساتھ ساتھ پی آر آئی ممبران اور مذہبی سربراہان کو متحرک کرکے ٹیکہ کاری کو تیز کرنے کے لئے کہا۔ڈی سی نے تمام متعلقہ افراد کو مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی تاکہ حالیہ اضافے کو ترجیحی بنیادوں پر مناسب کارروائی کرکے کم کیا جاسکے۔