عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے نیشنل ہائی وے 144 کے سندربنی سے بی جی سیکٹر تک کے حصے پر جاری توسیع اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جائزہ میٹنگ کا مقصد کام کی رفتار میں تیزی لانا، رکاوٹوں کو دور کرنا، اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔ڈی ڈی سی نے ٹھنڈاپانی، بخار اور گلہوتی کوٹلی کے مختلف حصوں کا مکمل تکنیکی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں زمین سے متعلق تنازعات، اضافی زمین کے حصول کی ضرورت، ڈمپنگ مقامات کی نشاندہی اور ہر سیکشن کی تکمیل کے لیے درکار ممکنہ مدت پر تفصیلی بحث ہوئی۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام حصوں میں کام کی رفتار کو مزید تیز کریں اور جن امور کی وجہ سے کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، انہیں مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ رکاوٹ سامنے آنے کی صورت میں اس کی فوری اطلاع ضلع انتظامیہ کو دی جائے تاکہ کام کی رفتار متاثر نہ ہو۔سڑک کی حفاظت کے حوالے سے ڈی ڈی سی نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ حساس مقامات، خصوصاً سیوٹ، پر رمبل اسٹرپس بچھائے جائیں، مناسب سائن بورڈز نصب کئے جائیں اور بلیکننگ لائٹس لگائی جائیں تاکہ حادثات کا خطرہ کم ہو اور ٹریفک کی روانی بہتر ہو۔ڈی ڈی سی نے زور دیا کہ مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل، بروقت کارروائی اور مشترکہ کوششیں اس اہم ہائی وے منصوبے کی کامیابی کے لئے ناگزیر ہیں، جو نہ صرف عام شہریوں اور مقامی آبادی کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ علاقے میں دفاعی نقل و حرکت کو بھی مضبوط بنائے گا۔میٹنگ میں آئی اے ایس پروبیشنر سیرت باجی، بی آر او کے نمائندگان پریتم کمار اور منومے بشٹ سمیت اے سی ڈیفنس آفس کے افسران بھی موجود تھے۔