شبیرابن یوسف
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر ودھی کمار بردی نے جمعہ کے روز سرینگر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ یہ جائزہ ایسے وقت میں لیا گیا جب امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر کے قتل کے بعد کشمیر بھر میں سکیورٹی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ڈی جی پی نے دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ شہر کے حساس علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ امن برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
کشمیر زون پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ’’ڈی جی پی نے آئی جی پی کشمیر، ڈی آئی جی وسطی کشمیر، ایس ایس پی سرینگر اور دیگر افسران کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں بشمول حضرت بل، نوہٹہ اور ڈاؤن ٹاؤن سرینگر میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ مؤثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے‘‘۔پولیس حکام نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی دورے میں خاص طور پر ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے علاقوں پر توجہ دی گئی جو سکیورٹی کے لحاظ سے حساس سمجھے جاتے ہیں۔سینئر افسران نے سکیورٹی تعیناتی کے مقامات کا معائنہ کیا، اہم چوراہوں پر انتظامات کا جائزہ لیا اور زمینی سطح پر موجود فورسز کی تیاری کا اندازہ لگایا۔جائزے کے دوران حضرت بل، نوہٹہ اور پرانے شہر کے کئی علاقوں کا معائنہ کیا گیا جہاں احتیاطی اقدام کے طور پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ سکیورٹی نظام مکمل طور پر چوکس رہے اور کسی بھی ابھرتی صورتحال کا فوری طور پر جواب دینے کے قابل ہو۔سینئر افسران نے مقامی پولیس یونٹس کے ساتھ بات چیت بھی کی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے انٹیلی جنس اطلاعات کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے زمینی سطح پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنائے رکھیں۔پولیس نے کہا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت کے مطابق سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔