عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر کے مختلف حصوں میں جاری ایران نواز اور اسرائیل اور امریکہ مخالف مظاہروں کے پیش نظر، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے انسپکٹر جنرل آف پولیس(آئی جی پی)کشمیر ودھی کمار بردی کے ساتھ لالچوک کا دورہ کیا، جہاں ہزاروں لوگ احتجاج کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔حکام نے اتوار کو بتایا کہ دونوں سینئر افسران کے ساتھ سینئر پولیس حکام، ایس ایس پی سرینگر اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران بھی تھے، جو امن اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تعینات رہے۔تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وادی کے مختلف علاقوں میں پرامن مظاہرے ہوئے۔مظاہرین نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور امریکہ اور اسرائیل کے فوجی اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی۔حکام نے پرامن اظہار رائے کی اجازت دیتے ہوئے امن و امان کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور احتیاطی اقدام کے طور پر حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔سیکورٹی کی موجودگی کا مقصد ماحول کو محفوظ رکھنا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا اور مظاہروں کے دوران شہریوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔پولیس نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ کسی بھی ایسی حرکت سے جو کشیدگی یا بدامنی کا باعث بن سکتے ہیں قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔