ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بدھ کی سہ پہر کو ایک بار پھر سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں ندی و نالوں میں طغیانی آگئی اور فصلوں، پھلوں و سبزیوں کو نقصان پہنچا۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کی سب ڈویڑن گندوہ، کاہرہ ،ٹھاٹھری ،بونجواہ ،بھدرواہ و دیگر مضافات میں بدھ کے روز بعد دوپہر موسم میں نے انگڑائی لی اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکوں پر چند ہی لمحوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جبکہ ندی و نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ اس دوران فصلوں ،پھلوں ،سبزیوں و زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا۔موسلا دھار بارشوں سے متعدد علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ڈوڈہ خطہ میں حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے وسیع پر تعمیرات و زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ شہر و گام کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تین ہفتے گذر جانے کے بعد بھی اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں کی حالت جوں کی توں ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نیاز، بی ڈی سی چیئرمین محمد عباس راتھر و بی ڈی سی چیئرپرسن بھلیسہ چوہدری محمد حنیف نے انتظامیہ سے بارشوں سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے و ترجیح بنیادوں پر رابطہ سڑکوں، پانی کی اسکیموں و بجلی نظام کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔