ڈوڈہ انتظامیہ کے تعاون سے بھدرواہ میں نمائشی میچ

عظمیٰ نیوز سروس

ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ ہیلتھ سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کے تعاون سے ایک روزہ کرکٹ نمائشی میچ کا انعقاد کیا جس کا مقصد آنجہانی لیجنڈری کرکٹر اور سابق ڈی ایچ او ڈوڈہ ڈاکٹر طارق مسعود کو کھیل میں ان کی نمایاں خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ میچ سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ایس ڈی ایچ بھدرواہ ٹیم اور ڈی ایچ ایس ڈوڈا ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایس ڈی ایچ بھدرواہ کی ٹیم نے ڈوڈہ کی ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔قبل ازیں، میچ کے آغاز سے قبل، تقریب کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر، ہرویندر سنگھ نے سی ایم او ڈاکٹر اوم کمار، انعام الحق (مرحوم ڈاکٹر طارق مسعود کے بیٹے) اور دیگر معززین کے ہمراہ کیا۔ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ سوسائٹی ڈوڈہ ٹیم کی قیادت ہرویندر سنگھ کر رہے تھے، جو ڈپٹی کمشنر ہیں، جبکہ ایس ڈی ایچ بھدرواہ ٹیم کی قیادت کیپٹن ڈاکٹر محمد اشرف (بی ایم او بھدرواہ) کر رہے تھے۔ایس ڈی ایچ بھدرواہ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ڈی ایچ ایس ڈوڈہ نے13.4 اوورز میں صرف 91 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایس ڈی ایچ بھدرواہ نے پہلے بیٹنگ آرڈر کو سپر اسٹرائیک کرتے ہوئے اور کچھ مڈل آرڈر بلے باز کی مدد سے ٹیم کو 06 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور باقی رہ کر ہدف حاصل کرنے میں مدد کی۔ڈاکٹر توصیف ملک نے سب سے زیادہ 20 رنز بنائے جبکہ ڈاکٹر محمد اشرف اور ارشد ظفر نے بالترتیب 19 اور 14 رنز بنائے۔ ڈی ایچ ایس ڈوڈہ کی جانب سے ارشاد ملک نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جہانگیر مہتا اور اجے سنگھ نے 01 وکٹیں حاصل کیں۔ایس ڈی ایچ بھدرواہ کے نوید خان کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس موقع پر دونوں ٹیموں اور میچ کے دوران موجود معززین کی طرف سے نشہ مکت بھارت پر ایک عہد بھی لیا گیا۔سی ایم او ڈاکٹر اوم کمار نے اپنی تقریر میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب کو شاندار کامیاب بنانے میں تعاون کیا اور مرحوم ڈاکٹر طارق مسعود کی خدمات کو بھی یاد کیا۔