چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر میں اہم سڑکوں اور شاہراہوں کی ترقی کا جائزہ لیا | جموں کیلئے رِنگ روڈ کے اِمکانات تلاش کریں سیمی رِنگ روڈ مارچ تک مکمل کریں،کٹھوعہ۔ بنی۔سرتھل۔ بھدرواہ۔ ڈوڈہ روڈ کا ڈی پی آربھی تیار کریں:ڈاکٹر مہتا

نیوز ڈیسک
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر یوٹی کے مختلف حصوں کو جوڑنے والی مختلف سڑکوں اور شاہراہوں کی ترقی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ صدارت کی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ جموں کے لئے سیمی رِنگ روڈ کو اگلے برس مارچ تک مکمل کریں اور مسافروں کی آسانی کے لئے شہر کے گرد رِنگ روڈ کے اِمکانات تلاش کریں۔اْنہوں نے اس کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے اَفسران سے کہا کہ وہ کٹھوعہ۔ بنی۔سرتھل۔ بھدرواہ۔ ڈوڈہ روڈ کے لئے بغیر کسی تاخیر کے ڈی پی آر تیار کریں۔اْنہوں نے بتایا کہ اِن علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔اْنہوں نے اس کی زیادہ سے زیادہ اِفادیت کے لئے اسے جموں سری نگر ہائی وے اور سنتھن کشتواڑ روڈ سے جوڑنے کی ہدایت دی۔اْنہوں نے اْنہیں بتایا کہ سنتھن۔ کشتواڑ اور سونہ مرگ روڈ کی حالت مسلسل برقرار رکھی جانی چاہئے۔اْنہوں نے سردیوں میں برف صاف کرنے کے لئے اَفرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھنے پر زور دیا۔چیف سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ دہلی۔ کٹرہ ایکسپریس وے کو ریڈور کوسری نگر۔جموں ہائی وے کے ساتھ ایک اِنٹرچینج بنایا جائے تاکہ اس ایکسپریس وے پر سفر کرنے والے لوگ سری نگر کی طرف بڑھنے کے لئے اس شاہراہ پر نکل سکیں۔اْنہوں نے ہائی وے پر سفر کے وقت کو کم کرنے کے لئے جیسوال پْل پر کام کو تیز کرنے پر زور دیا۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے حکام سے جموں۔سری نگر قومی شاہراہ کی مجموعی سڑک کی سطح کو بہتر بنانے کے لئے کہا تاکہ سفر کا وقت کم سے کم 8گھنٹے تک رہ جائے۔اْنہوں نے حکام سے مزید کہا کہ وہ روزانہ ہائی وے پر رْکے ہوئے ٹرکوں اور ان کو وہاں رْکنے کے وقت کے بارے میں رِپورٹ پیش کریں۔اْنہوں نے کہا کہ وہ جواہر ٹنل اور پتنی ٹاپ کے حصوں کو قومی شاہراہ کا حصہ قرار دیں تاکہ ان کی مؤثر طریقے سے دیکھ دیکھ کی جاسکے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے قومی شاہراہ پرٹی تھری اور ٹی فائیو ٹنل کو مکمل کرنے میں ایگزیکٹیو ایجنسیوںکی طرف سے بار بار کی جانے والی تاخیر کا نوٹس لیا۔ اْنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے دونوں کو مکمل کریں کیوں کہ یہ اس سڑک پر سفر کو آسان بنانے میں اہم ثابت ہوں گے۔ اْنہوں نے ان سے مزید کہا کہ وہ بڈگام۔ یوسمرگ، دودھ پتھری۔توسہ میدان۔ گلمرگ کے سیاحتی مقامات کو جوڑنے کے اِمکانات پر غور کریں تاکہ ان تمام مقامات کو ایک ساتھ پیکیج کے طور دیکھا جاسکے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے نیشنل ہائی وے کے رام بن۔ بانہال حصے پر بہترٹریفک کی روانی کو آسان بنانے کے لئے کہا۔اْنہوں نے ٹریفک پولیس اور ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سنگل لین ڈرائیونگ زونوں کی صحیح حد بندی کریں اور مسافروں میں لین ڈرائیونگ اور ٹریفک نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔ اْنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ رام بن کو مزید ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں کی خرابی یا حادثات کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی خرابی کو دور کرنے کے لئے رسپانس ٹائم کو کم کرے۔چیف سیکرٹری نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ جموں کو لکھن پور میں داخلے کے مقام کو فیس لفٹ دینے کی بھی ہدایت دی تاکہ نظارہ دِلکش ہو۔اْنہوں نے ان سے کہا کہ وہ اِس منصوبے پر کام شروع کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ اسے جلد مکمل کیا جائے۔