محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران چندی مڑھ علاقے میں مویشیوں کی مبینہ غیر قانونی نقل و حمل کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی بروقت کارروائی کو عوامی حلقوں نے سراہتے ہوئے قانون کی عملداری برقرار رکھنے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق معمول کی ناکہ چیکنگ اور گشت کے دوران چندی مڑہ میں تعینات پولیس اہلکاروں نے ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK12A-6674 کو مشتبہ حالت میں روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی گاڑی میں پانچ عدد مویشی موجود پائے گئے۔
جانچ پڑتال کے دوران گاڑی ڈرائیور متعلقہ دستاویزات اور مویشیوں کی نقل و حمل کے لیے درکار قانونی اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ضلع پولیس پونچھ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون سے امن و قانون کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔عوامی حلقوں نے پولیس کی مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس قسم کی کارروائیوں سے غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ضلع میں قانون کی بالادستی مزید مضبوط ہوگی۔