سرینگر//جنوبی قصبہ ترال کے چندریگام نامی گائوں میں قائم ایک سرکاری سکول کے ارد گرد گند گی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے بچوں کے ساتھ ساتھ سکولی عملے کوسخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کے ارد گرد گندگی کے ڈھیر موجود ہونے کا فوٹو سوشل میڈیا پر گزشتہ روزوائرل ہوگیا، جس کے بعد اتوار کی صبح انتظامیہ نے گندگی ہٹانے کیلئے فوری اقدامات کئے۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ اسکول سے متصل ہی سرکاری زمین ہے جسے اسکول کے ساتھ ہی منسلک کیا جانا چاہئے کیونکہ کچھ لوگوں نے کوڑا دان بنایا ہے ۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالسلام ملک نے بتایا کہ انہوں نے اسکول سے متصل زمین پر گندگی کے ڈھیر ہونے کی شکایت کئی دفعہ انتظامیہ کے پاس کی ہے لیکن اسے کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ اسکول سے متصل سرکاری اراضی کو اسکول کے نام وقف کیا جائے۔کے این ایس