عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئررہنما تنظیم ڈار اور یوتھ پی ڈی پی ضلع صدر راجوری عمران چودھری نے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے بلڈ بینک میں منشیات سے نجات کے حوالے سے ایک بیداری ریلی اور خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔پروگرام میں نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لعنت کے خاتمے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ریلی کا مقصد نوجوان نسل میں منشیات کے مضر اثرات اور صحت مند و باوقار زندگی گزارنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تنظیم ڈار نے ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل اقدامات اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نشے کے جال سے بچانے کے لیے انتظامیہ، پولیس، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور خاندانوں کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔عمران چودھری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کرنا ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور اس طرح کے فلاحی اقدامات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ بیداری مہمات اور عوامی شرکت ہی معاشرے میں منشیات کی لعنت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ضلع سیکریٹری آصف بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ منشیات کا استعمال ایک سنگین سماجی چیلنج بن چکا ہے اور اس کے خلاف معاشرے کے ہر طبقے کو متحد ہو کر سامنے آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر بیداری، مناسب رہنمائی اور والدین و اساتذہ کی فعال شمولیت نوجوان نسل کو نشے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے بیداری ریلی اور خون عطیہ کیمپ میں نوجوانوں کی پُرجوش شرکت کو بھی سراہا۔