سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے وزیر سْریندر چوہدری نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کی مختلف کیٹیگریز کی 3600 آسامیاں جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈکو روانہ کر دی گئی ہیں، جن پر جلد بھرتی کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں خاص طور پر ورک سپروائزرز اور دیگر فیلڈ اسٹاف کی شدید کمی ہے، جس کا براہِ راست اثر ترقیاتی کاموں پر پڑ رہا ہے۔راجوری میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کی عکاس ہے کہ محکمہ کے پاس اتنے ملازمین بھی نہیں کہ وہ مختلف علاقوں میں جاری منصوبوں کی نگرانی مؤثر انداز میں کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت انتظامی کمزوریوں کو دور کرنے اور محکموں کو فعال بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کو ترجیح دے رہی ہے۔سریندر چوہدری نے مزید کہا کہ نہ صرف پی ڈبلیو ڈی بلکہ دیگر محکموں کی آسامیاں بھی ایس ایس بی کو بھیجی گئی ہیں، جو نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور کا اہم وعدہ تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھرتیوں کا یہ عمل نوجوانوں کیلئے ایک بڑا روزگار موقع ثابت ہوگا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنی حکمرانی کے دوران عوامی مسائل کو مکمل طور پر نظرانداز کیا۔انہوں نے کہاکہ ’بی جے پی نے اپنی حکومت میں کئی اہم پروجیکٹس کو بند کیا، اور آج بھی عوامی مسائل پر زبان نہیں کھولتی‘۔انہوں نے الزام لگایا کہ قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما کے اپنے حلقہ انتخاب میں بھی حالات خراب ہیں، جہاں شری مچائل ماتا تک سڑک کی تعمیر سست روی کا شکار ہے، لیکن وہ اس پر کوئی بات نہیں کرتے۔سریندر چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف نئے پروجیکٹس شروع کر رہی ہے بلکہ ان پرانے منصوبوں کو بھی بحال کر رہی ہے جنہیں بی جے پی-پی ڈی پی حکومت نے بند کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ عوامی ضروریات کے مطابق کام کر رہی ہے اور ترقیاتی عمل کو تیز تر بنانے پر خصوصی فوکس ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے ’وندے ماترم‘ کے حوالے سے بی جے پی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ گیت ہر بھارتی کے دل کی آواز ہے اور اسے مذہبی یا فرقہ وارانہ رنگ دینا سراسر غلط ہے۔انہوں نے کہاکہ ’وندے ماترم ایک قومی جذبے کا اظہار ہے، بی جے پی اسے فرقہ واریت میں نہ بدل دے‘۔بعدازاں ڈپٹی چیف منسٹر نے نوشہرہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگِ بنیاد رکھے اور کئی اختتامی کاموں کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں بشمول نوشہرہ کو بی جے پی کے دور میں بری طرح نظرانداز کیا گیا، مگر عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنا رہی ہے۔اجتماع میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔