عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// تازہ برف باری نے کشمیر کے پہاڑی علاقوں کو پھر سے لپیٹ میں لے لیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ بادل چھائے رہنے کی وجہ سے رات کا درجہ حرارت موسمی اوسط سے زیادہ رہا اور زیادہ تر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر رہا۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے کچھ حصوں بشمول بانڈی پورہ میں گریز، بارہمولہ میں گلمرگ اور کپوارہ کے مژھل میں تازہ برف باری ہوئی، جس کے ساتھ ہی اونچے علاقوں میں ہلکی سے اعتدال پسند برفباری کی بھی اطلاعات ہیں۔ سونمرگ میں بدھ کی شام سے جم کر برفباری کا آغاز ہوا جبکہ زوجیلا اور منی مرگ میں بھی برفباری ہوئی۔ رازدان پاس گریز، مژھل کپوارہ، بنگس اور افروٹ میں شام کے وقت ہلکی برفباری کی شروعات ہوئی۔ادھر سنتھن ٹاپ اور مرگن پاس کے علاقے میں بھی برفباری کا آغاز ہوا۔وادی کے میدانی علاقوں میں کئی مقامات پر سہ پہر کو ہلکی بوندا باندی ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بدھ کی رات سے جمعرات کی دوپہر کے دوران زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کا امکان ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ شمالی اور وسطی کشمیر کے چند اونچائیوںپر درمیانی سے بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔اس نے کہا کہ جمعہ کو بھی الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے۔
درجہ حرارت
انہوں نے بتایا کہ منگل کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ خطہ کا سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی 3.0 ڈگری سیلسیس پر رہا۔ پہلگام میں کم سے کم 1.8 ڈگری، اور قاضی گنڈ میں پارہ 1.4 ڈگری سیلسیس پر ٹھہرا۔