ریاسی //ضلع کے پونی علاقہ میں ایک مقامی لڑکے ساتھ پولیس کے ناشائستہ سلوک کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے مین بازار پونی میں ایک ناکہ لگایا تھا اور کئی گاڑیوں کا چالان بھی کیا تھا ۔ایک مقامی دوکاندار نے بعض دوکانداروں کے ساتھ جاکر پولیس کو بازار میں ناکہ نہ لگانے کیلئے کہا کیونکہ انہیں اپنے دوکانوں سے کئی مرتبہ مال لانے کے لئے اسٹوروں میں جانا پڑتا ہے۔اس پر دونوں اطراف جھگڑہ ہوا،جس کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگوں نے احتجاج کیا اور پولیس اہلکار کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔ مقامی لوگوں نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی بھی کی اور ریاسی ۔شیو کھوڑی سڑک کو تقریباً تین گھنٹوں تک مسدود رکھا ، جس کی وجہ سے شو کھوڑی جانے والے یاتریوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں ایس ایس پی ریاسی جائے موقعہ پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو سمجھابجھا کر معاملہ کی تحقیقات کرنے کا یقین دلایا ۔ ڈپٹی ایس پی ریاسی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہمیں پونی سے تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں،جسکی وجہ سے ہم نے ایک ناکہ لگایا اور کئی بائیکوں کو تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل چلانے کے پاداش میں چالان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جب ایک گاڑی کے ہیلپر کو اپنے دستاویزات پیش کرنے کے لئے کہا تو وہ یہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا اور پولیس کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگا اور پولیس اسٹیشن میں آکر چلانے لگا کہ ہیلمٹ پہننا لازمی نہیں ہیاور پولیس کے ساتھ بد سلوکی کرنے لگا۔