محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں ٹریفک قوانین کی سرعام خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں مسافر بردار سومو گاڑیوں، منی بسوں اور آٹو میٹکس کی چھتوں پر سواریاں بٹھا کر تیز رفتاری سے چلانے کا خطرناک رجحان انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق ضلع کے مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیاں نہ صرف گنجائش سے زائد سواریاں اٹھا رہی ہیں بلکہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر گاڑیوں کی چھتوں پر بھی مسافروں کو بٹھایا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز پیش آنے والے حادثات کے باوجود متعلقہ محکمہ اس سنگین مسئلے کے تدارک میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔
عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اب معمول بنتی جا رہی ہے اور بیشتر مقامات پر ٹریفک اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔لوگوں کے مطابق تعلیمی اوقات، بازاروں اور دیہی روٹس پر اوورلوڈ گاڑیوں کی بھرمار رہتی ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔مقامی باشندوں نے بتایا کہ کئی مسافر مجبوری کے تحت جان خطرے میں ڈال کر گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ دیہی علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات میسر نہیں۔تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مجبوری انتظامیہ کی ذمہ داری کو کم نہیں کرتی بلکہ متعلقہ حکام پر لازم ہے کہ وہ محفوظ سفری نظام کو یقینی بنائیں۔سماجی و عوامی حلقوں نے ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں خصوصی مہم چلا کر اوورلوڈنگ، تیز رفتاری اور غیر محفوظ سفری نظام کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر جانے والی سومو گاڑیوں، منی بسوں اور آٹو میٹکس پر کڑی نگرانی رکھی جائے تاکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور حساس مقامات پر مستقل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ پونچھ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک خطرات پر قابو پایا جا سکے۔