محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما،جو مردم شماری 2027 کے پرنسپل سینسس آفیسر بھی ہیں، نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع میں مردم شماری 2027 کے انعقاد کے لیے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفیٰ ملک، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ شکیل احمد، ڈسٹرکٹ اسٹیٹسٹکس اینڈ ایویلیوایشن آفیسر جاوید احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر پرویندر سنگھ، تحصیلدار حویلی اظہر مجید، چیف ایجوکیشن آفیسر محمد حفیظ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ خود اندراج کا مرحلہ 17 مئی سے 31 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جس کے دوران شہری سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن اپنی تفصیلات درج کر سکیں گے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنی معلومات بروقت فراہم کریں۔انہوں نے آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ تمام اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران طلبہ کو مردم شماری کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے۔ طلبہ کو اس بات کے لیے بھی متحرک کیا جائے گا کہ وہ اپنے گھروں میں والدین اور اہلِ خانہ کو خود اندراج کے عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ اجلاس کے دوران متعلقہ تحصیلداروں اور افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام پیشگی انتظامات بروقت مکمل کریں تاکہ مردم شماری کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دیا جا سکے۔مزید برآں، اجلاس میں بتایا گیا کہ ہاؤس لسٹنگ اور ہاؤسنگ مردم شماری (پہلا مرحلہ) یکم جون سے 30 جون 2026 تک منعقد کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہی مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔