پونچھ میں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ عام شہریوں کا گھر سے نکلنا محال

 حسین محتشم

پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے شہر خاص میں آوارہ کتوں نے ایک بار پھر عام شہریوں باالخصوص سکولی بچوں و بزرگوں کا گھر سے نکلنا محال کردیا ہے۔بتا دیں کہ چند ماہ قبل پونچھ بلدیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کو پکڑنے کی ایک مہم چلائی گئی تھی جس سے کچھ دنوں تک لوگوں نے راحت حاصل کی تھی لیکن اب ایک بار پھر سے اوارہ کتوں نے دہشت مچانا شروع کر دی ہے۔ شہر خاص پونچھ میں حالیہ دنوں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کئی واقعات پیش آِئے ہیں۔اس دوران ستھراں والی باولی علاقے میں کتوں نے ایک شخص کو بری طرح کاٹاتھا۔شہریوں کا کہنا ہے انتظامیہ سے بارہا شکایت کی گئی لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور گزشتہ روز ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں شوگر کی ایک مریض پر مڈل اسکول کھوڑیناڑ کے قریب کتے حملہ آور ہوگئےاور اسکول کے اسٹاف نے اس عورت کی جان بچائی جس کے بعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپنی آپ بیتی سنائی ۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیہ پونچھ کو متحرک کریں اور انہیں حکم جاری کریں کے وہ جانوروں کے حقوق کو پامال کیے بغیر ان کا کوئی ٹھوس حل نکالیں تاکہ عام شہریوں کی زندگیاں محفوظ ہوں۔