نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دہنکا گائوں میں پولیس ٹیم کے دورے کے دوران خاتون کی ہوئی مبینہ موت کے سلسلہ میں لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔لواحقین و مکینوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز دو کنبوں کے مابین ہوئے آپسی تصادم کے دوران ایک کنبہ کے کچھ افراد زخمی ہو گئے تھے جن کو علاج معالجہ کے سلسلہ میں ہسپتال بھرتی کیا گیا ہے تاہم اس سلسلہ میں تحقیقات کیلئے پولیس کی ایک ٹیم مذکورہ خاتون کے گھر پہنچی ۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان خاتون اپنے گھر میں موجود تھی تاہم پولیس کی موجودگی کی وجہ سے خاتون بیہوش ہو گئی جس کو بعد میں سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی آمد کی وجہ سے خاتون کی موت واقعہ ہو ئی ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گھر پر گئے ہوئے پولیس اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ نے ایس ایس پی راجوری کی جانب سے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ موقعہ پر گئے ہوئے پانچ پولیس اہلکاروں کی ایک ماہ کی تنخواہ لواحقین کو دی جائے گی جبکہ ان کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا تاہم لاش کو نوشہرہ ہسپتال میں ہی رکھا گیا ہے ۔