میلبورن//یو این آئی//ہندوستانی کوچ راہول دراوڑ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آئی سی سی مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیمی فائنل کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلی پر غور کریں گے ۔ہندستان نے اتوار کو سپر 12 مرحلے کے آخری میچ میں زمبابوے کو 71 رن سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنا لی۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے اپنے گروپ میں سرفہرست رہنے کو یقینی بنایا اور 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق دراوڑ نے کہا کہ وہ پچ دیکھے بغیر سیمی فائنل میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب نہیں کریں گے ۔آئی سی سی نے دراوڑ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “مجھے لگتا ہے کہ ہم اپنے تمام 15 کھلاڑیوں کے بارے میں جانتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ جو بھی ٹیم میں آئے گا وہ ممکنہ طور پر ہمیں کمزور نہیں بنائے گا۔دراوڑ نے کہا، ‘‘ہم ایڈیلیڈ جائیں گے اور وہاں کی پچ کا معائنہ کریں گے ۔ ہم نے وہاں کچھ میچ دیکھے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وکٹ سست ہے ۔ ہمیں ایک مختلف پچ مل سکتی ہے . جس پچ پر ہم نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلا، اس وکٹ پر اسپنرز کو زیادہ فائدہ نہیں ملا، پھر بھی ہم وہاں جائیں گے اور وکٹ کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ اس وکٹ کے ساتھ ہم ٹیم کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔