بارہمولہ //شمالی قصبہ پلہالن پٹن میں بدھ کو ملی ٹینٹوں کی جانب سے سی آر پی ایف کی ایک گشتی پارٹی پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں دو اہلکار اور 4شہری زخمی ہوگئے ۔ بدھ کی صبح 11بجکر 5 منٹ پر سرینگر مظفرآباد شاہراہ پر پلہالن کے مقام پر مشتبہ ملیٹنٹوں نے 45بٹالین سی آر پی ایف پارٹی پر گرینیڈ داغاجو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر(ASI) نتیش رانا اور ہیڈ کانسٹیبل( HC) اشیل داس زخمی ہوئے۔گرینیڈ کی زد میں آکر 22سالہ تعمیل احمد بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن پلہالن شدید زخمی ہوگیا جبکہ خاتون سمیت مزید تین شہریوں کو معمولی چوٹیں آئیں ۔جنہیں فوری طور پر ٹراما اسپتال پٹن پہنچایا گیا جن میں سے دو اہلکاروں اور تعمیل احمد بٹ کو سرینگر منتقل کیا گیا۔ اس دوران آس پاس موجود کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور انکے شیشے چکنا چور ہوئے۔ گرینیڈ دھماکے کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میںلیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔