پلوامہ// ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے سپورٹس سٹیڈیم پلوامہ میں ضلعی سطح کے انٹر بلاک اوپن ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ضلع انتظامیہ پلوامہ نے محکمہ یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس پلوامہ کے اشتراک سے کیا ہے۔ٹورنامنٹ میں ضلع کے تمام 11 بلاکس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور افتتاحی میچ شادی مرگ اور ٹیم پامپور کے درمیان کھیلا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر بشارت نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کو پیداواری کاموں میں اپنی توانائیاں صرف کرنے کے مواقع فراہم کرنے میںتھ سروس اینڈ اسپورٹس کی خدمات کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں گہری دلچسپی لی ہے اور راج پورہ میں انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر اور پلوامہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے علاوہ کم از کم ہر پنچایت میں کئی کھیل کے میدان تیار کیے گئے ہیں۔