گنا//وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ جس دن پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، اس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی پوری رات سو نہیں سکے تھے ۔ ہندستان کے بہادر جوانوں نے جب پاکستان میں گھس کر ایئر اسٹرائک کی، تب ملک کے عوام کے ساتھ وزیراعظم کے کلیجے کو ٹھنڈک پہنچی تھی۔مدھیہ پردیش کے گنا میں مسٹر سنگھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کے پی سنگھ یادو کی حمایت میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہندستان میں دہشت گردی سر اٹھائے گی، اس کا جواب اسی طرح دیا جائے گا۔ کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو کانگریس کمزور کررہی ہے اور کانگریس کے لیڈر یہ بھول جاتے ہیں کہ ملک کے و زیراعظم کو الٹے سیدھے الفاظ کہنا جمہہوریت کو کمزور کرنا ہوتا ہے ۔اسٹیج سے راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم مودی کے دباو کے سبب ہی جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گردی اعلان کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کانگریس کے چوکیدار چور ہیں کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ چوکیدارکتنا پیور ہے اور اس کا پھروزیراعظم بننا بھی شیور ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو، اندر ا گاندھی، راجیو گاندھی کی طرح راہل گاندھی بھی غریبی ہٹانے کی بات کررہے ہیں، لیکن وہ یہ کیوں نہیں بتاتے کہ 55برسوں سے غریبی کیوں نہیں ہٹی۔ اس دورا ن وزیر داخلہ نے دعوی کیا کہ آئندہ پانچ برس میں ملک میں ایک بھی غریب نہیں بچے گا۔ انہوں نے جلسہ میں پردھان منتری آواس یوجنا اور سوچھ بھارت مشن کا بھی ذکر کیا۔گنا میں جلسہ کے دوران وزیر داخلہ نے ایک بار بھی رکن پارلیمان جیوتر آدتیہ سندھیا کا نام نہیں کیا۔ ان کے نشانہ پورے وقت راہل گاندھی اور کانگریس کے لیڈر رہے ۔ مسٹر سنگھ نے گنا۔شیوپوری پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار کے پی یادو کو ووٹ دینے کی اپیل بھی کی۔یو این آئی۔