محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح سے وادی چناب کے علاقوں میں جاری ابرآلود موسم دوپہر بعد سے بارشوں میں تبدیل ہوگیا ہے اور وادی چناب کے علاقوں میں بارشوں کا شروع ہوا سلسلہ رک رک کرشام تک جاری تھا۔ ضلع رام بن کے علاقوں میں بھی دوپہر بعد قریب ایک بجے سے وقفے کی تیز بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے فورلین شاہراہ کم از کم دو مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہی رہ گئی اور ٹریفک پولیس کیطرف سے ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالاجا رہا ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں موم پسی رامسو میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ملبہ اور پتھروں کی صورت میں ایک پسی گر آئی جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک کی نقل و حرکت یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہی رہ گئی ہے جبکہ رام بن کے کرول کے علاقے میں بھی ایک پسی شاہراہ پر گر آئی ہے جس کی وجہ سے فورلین شاہراہ کی دو میں سے ایک ٹیوب یا سڑک ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تھی اور دونوں طرف کے ٹریفک کو فورلین شاہراہ کی دوسری ٹیوب سے نکالنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مقامات پر شاہراہ کی مکمل بحالی کیلئے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری کام پر لگی ہوئی ہے اور موسم میں آئی بہتری کے بعد کرول کے مقام سڑک سے ملبہ صاف کرکے اسے معمول کے ٹریفک کے قابل بنایا گیا جبکہ رامسو کے مقام بحالی کا کام جمعہ کی شام تک جاری تھا ۔
ناچلانہ ۔ کھڑی ۔ مہو سڑک طغیابی اور پسیوں کی زد میں | ٹریفک کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعددوبارہ بحال
محمد تسکین
بانہال // جمعہ کی دوپہر بعد بانہال اور تحصیل کھڑی کے علاقوں میں تیز بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ زائد از ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ تیز بارشوں کی وجہ سے تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی اور ملحقہ درجنوں دیہات کو جوڑنے والی ناچلانہ ۔ کھڑی ۔ مہو منگت سڑک کئی مقامات پر پسیوں اور نالوں میں آئی طغیانی کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جمعہ کی شام دوبارہ بحال کی گئی ۔ اچانک گر آئی پسیوں اور نالوں میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے پسیوں اور نالوں کے متاثرہ مقامات کے آر پار عام لوگوں ، سکولی بچوں ، آساتذہ اور سرکاری ملازمین کو کئی گھنٹوں کی درماندگی اور گاڑیوں کو چھوڑ کر پیدل سفر کا سامنا کرنا پڑا ۔ درماندہ مسافروں کی مدد کیلئے کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکار بھی متحرک رہے اور اچانک پھنسے مسافروں کو متاثرہ مقامات پار کرانے میں مدد کی ۔ کیو آر ٹی کھڑی کے صدر اور سرگرم رضاکار یاسر احمد سہمت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہرنیہال ، سرن ، منڈکباس اور تیلوگن آگناڑی کے مقامات پر بند سڑک کو تحصیل انتظامیہ کھڑی کی طرف سے لگائی گئی مشینری کی مدد سے جمعہ شام دوبارہ بحال کیا گیا اور ناچلانہ کھڑی اور مہو کے درمیان پھنسی مسافر گاڑیوں اور مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف نکالاگیا تاہم جمعہ شام تک وادی چناب کے علاقوں میں موسم ابرآلود تھا اور وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ بھی جاری تھا اور سڑکوں پر مزید پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کے خدشے کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔