پونچھ//پریڈ پارک کی طرف سے محلہ کماں خان کو ملانے والی رابطہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب لوگوں کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے انتظامیہ کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سڑک پر جگہ جگہ گڈھے پڑ ے ہوئے ہیں اوران میں ہمیشہ پانی بھرا رہتا ہے جس کی وجہ سے راہ گیروں کومشکلات جھیلناپڑتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ سوتیلا برتاو کیاجا رہا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ سڑک کی اس قدر خستہ حالت میں ہے کہ وہاں سے گزرتے ہوئے اکثروبیشتر بزرگ وبچے پریشان ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ کئی باراس بارے میں انتظامیہ کو بتاچکے ہیں لیکن انتظامیہ ہے کہ ان کی باتوں کی طرف بالکل متوجہ نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کہنے کے باوجود اس سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے مقامی سماجی سیاسی کارکن شفیق حسین بابا نے کہا کہ یہ سڑک بہت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک ضلع ہسپتال پونچھ،ریڈیو سٹیشن پونچھ محلہ کھوڑی ناڑ اور دیگر مقامات کو آپس میں جوڑتی ہے لیکن انتظامیہ اس کی طرف بالکل متوجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پریڈ پارک کے پاس اس سڑک پر ہی ایک بیت الخلا بھی بنایا گیا ہے جس سے ہمیشہ بدبو نکلتی رہتی ہے اس وجہ سے بھی لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بیت الخلا کی مرمت کرکے اس کو اس حالت میں لایا جائے کہ اس سے بدبو نہ آئے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنرپونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کرکے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دیں کہ اس سڑک کی مرمت جلدازجلد کروائیں تا کہ وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو مزید پریشانی نہ ہو۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر سڑک کی جلد مرمت نہ کی گئی تو مقامی لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔