عظمیٰ نیوز سروس
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ششیر گپتا نے ضلع بھر میں نافذ فصلوں کی بیمہ اور مختلف سماجی تحفظ کی اسکیموں کے نفاذ، پیش رفت اور چیلنجوں کا جائزہ لیا۔ ڈی سی نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا ، کسانوں کی کوریج کی صورتحال، بیداری کی سرگرمیوں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات کا محکمہ وار جائزہ لیا کہ کسانوں کو فصل کے موسم سے پہلے بیمہ کے تحت لایا جائے۔ انہوں نے بروقت اندراج اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈی سی نے زراعت اور باغبانی کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مالیاتی اداروں اور سی ایس سی کے ساتھ مل کر فیلڈ لیول کی تصدیق، مناسب دستاویزات اور بیمہ کے معاملات کی باقاعدہ نگرانی کیلئے کام کریں۔انہوںنے سماجی تحفظ کی اسکیموں کے تحت نئے اندراج کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور محکموں پر زور دیا کہ وہ کوریج اور نگرانی کے طریقہ کار کو مضبوط کریں اور سوشل سیکورٹی اسکیموں کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کی 100 فیصد کوریج کو یقینی بنائیں۔