کنگن//پتھری بل گگن گیر میں مسجد شریف کے پاس نصب سولر لایٹ گذشتہ تین ماہ سے بیکار ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وسطی ضلع گاندربل کے پتھری بل گگن گیر کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے گذشتہ برس نومبر میں مقامی مسجد شریف کے پاس جو سولر لائٹ نصب کی گئی تھی وہ چند دنوں کے بعد ہی خراب ہوگئی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے اس کی جانکاری متعلقہ سرپنچ کو دی تھی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا ۔ لوگوں نے مزیدبتایا کہ جو سولر لائٹ یہاں نصب کی گئی تھی ، اس میں غیر معیاری مواداستعمال کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ چند دنوں میں ہی خراب ہواہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جانی چاہئے کہ سولر لائٹ چند روز میںہی خراب کیوں ہوگئی۔