کراچی//پاکستان بھر میں بارشوں سے کم از کم 170 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ حکام نے منگل کو بتایاکہ گزشتہ چند دنوں سے ہونے والی مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ سب سے زیادہ نقصان اور ہلاکتیں سندھ اور بلوچستان صوبوں میں دیکھی گئیں۔ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ اب تک ہونے والی کل 170 اموات میں سے، سندھ اور بلوچستان میں اب تک 103 اموات ہوئی ہیں اور بہت سے شہری لاپتہ ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، “سندھ میں ہفتہ سے جنوبی صوبہ سندھ میں بارشوں سے 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 77 ہو گئی ہے‘۔ہر سال پاکستان بھر کے شہر سالانہ مون سون سیلاب سے نبردآزما ہوتے ہیں، حکومت کی ناقص منصوبہ بندی پر تنقید ہوتی ہے۔بلوچستان اور سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔
دونوں صوبوں میں رواں سال جولائی میں بارشوں نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔سندھ حکومت نے پیر سے کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جس کے بعد شہر کے متعدد علاقے اور اہم سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔مرکزی سڑکوں پر پانی کی وجہ سے لوگ اور گاڑیاں گھنٹوں پھنسے رہیں۔بلوچستان کے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ڈائریکٹر جنرل نصیر احمد نصر نے کہا، “سیلاب سے بلوچستان بھر میں 8 ڈیم ٹوٹ جانے سے 50 کے قریب زخمی بھی ہوئے ہیں۔”دریں اثنا، ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام منگل کو خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے دوران دو افراد کے ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کے بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے۔محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مزید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی کی ہے جب کہ کراچی میں جمعرات سے دوبارہ موسلا دھار بارش شروع ہوگی۔