اسلام آباد// پاکستان میں 14 جون سے شروع ہونے والی پری مان سون بارش سے متعلق الگ الگ حادثات میں 176ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھرمیں14 جون سے جاری بارشوں سے 176 افراد جاں بحق ہوئے۔بارشوں کے باعث 577 گھر تباہ ہوئے اور 894 گھر منہدم ہوئے،14سو سے زائد مویشووں کا نقصان ہوا، بلوچستان میں 8 اورگلگت بلتستان میں 10 پلوں کو نقصان پہنچا۔ملک کا جنوب مغربی صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا جہاں شدید بارش سے 65 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ہیں۔
مسلسل بارش کی وجہ سے یہاں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ صوبہ میں آئندہ ایک ماہ تک اسی طرح کی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اس کے پیش نظر یہاں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ۔ کراچی سمیت صوبہ سندھ میں الگ الگ حادثات میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے جہاں ایک ہفتے سے زائد عرصے سے جاری شدید بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے ۔ادھر افغانستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سیلاب سے اب تک 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔خلیج ٹائمز نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔افغانستان کے مشرقی، جنوبی، جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں کے نئے اضلاع شدید بارشوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوسی ایچ اے ) نے ایک بیان میں کہا، “5 جولائی سے پانچ صوبوں – اروزگان (20)، غزنی (6)، نورستان (7)، پکتیا (3) اور زابل (3) میں سیلاب سے 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔