گیلونگ//سری لنکا نے پتھم نسانکار (74) کے سنسی خیز نصف سنچری کے بعد دشمنتا چمیرا (15/3) اور ونیندو ہسرنگا (3/3) کی تیز گیند بازی سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 2022 کے پہلے راؤنڈ میچ میں 79 رنز سے روند دیا۔گروپ اے کے میچ میں سری لنکا نے یو اے ای کو 153 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم 73 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستانی نژاد بولر کارتک میپن (19/3) نے ہیٹ ٹرک کرکے سری لنکا کے مڈل آرڈر کو اڑا دیا۔ نسانکا نے بکھرتی ہوئی سری لنکا کی اننگز کو سنبھالتے ہوئے 60 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔سری لنکن باؤلرز نے 152 رنز کا دفاع کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے کسی بلے باز کو وکٹ پر قدم نہیں جمانے دیا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایان افضل خان نے 19(21)، چراغ سوری نے 14(19) جبکہ جنید صدیقی نے 18(16) اسکور کیا۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرز کو نہ چھو سکا اور ٹیم 17.1 اوورز میں 73 رنز پر سمٹ گئی۔چمیرا نے 15 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر سری لنکن بولنگ کی قیادت کی جبکہ ہسرنگا نے آٹھ رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ مہیش ٹیکشنا نے دو جبکہ پرمود مدوشن اور داسن شناکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے میچ میں نمیبیا سے 55 رنز کی شکست کے بعد سری لنکا کے لیے یہ کرو یا مرو کا میچ تھا۔ سری لنکا نے 79 رنز کی زبردست جیت کے ساتھ رن ریٹ میں بھی اضافہ کیا ہے جس سے سپر 12 میں پہنچنے کی امیدیں پھر سے زندہ ہوگئی ہیں۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنائے اور بڑے اسکور کی جانب گامزن تھی۔ دھننجایا ڈی سلوا (33) کے 12ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد میپن نے 15ویں اوور میں بھانوکا راجا پاکسے ، چریت اسلانکا اور داسن شاناکا کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جس سے سری لنکا کا رن ریٹ متاثر ہوا۔