ٹھاٹھری ڈوڈہ میں المناک حادثہ، 5 جاں بحق میاں بیوی سمیت 5افراد زخمی ، دو کمسن بچیاں شامل، ایل جی کا اظہار افسوس

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ// ٹھاٹھری میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں ایک کمسن بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 5 دیگر زخمی ہوئے ۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں و پولیس نے بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا کر انکی زندگی بچالی۔پولیس کے مطابق، ہفتہ کی شام ٹھاٹھری سے کاٹھاوا کی طرف جارہی ایک ایکو گاڑی زیر نمبر/3089 JK06 خان پورہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی لقمہ اجل اور 5 دیگر زخمی ہوئے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ شام گئے قریب 7بجکر 15منٹ پر پیش آیا۔سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹھاٹھری کے حکام نے کہا کہ حادثے کے بعد دو افراد کو مردہ حالت میں ہسپتال لیا گیا جبکہ دیگر دیگر تین بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔مہلوکین میں مختار احمد ولد عبدالغنی ساکن بن ڈوگہ،ریاض احمد ولد عبداغنی ساکن پھگسو،ارینہ بیگم زوجہ صدام حسین ساکن گھونٹی، محمد رفیع ولد عبدالرحان ساکن پھگسو اور ایک چھوٹی بچی( نا معلوم) شامل ہیں۔زخمیوں میں محمد امین ولد محمد شفیع ساکن پھگسو،صفیان شیخ ولد بشیر احمد ساکن بون ڈوگہ،سائمہ بیگم زوجہ محمد امین کے علاوہ دو کمسن بچیاں بھی شامل ہیں۔ بی ایم او ٹھاٹھری ڈاکٹر شفقت زرگر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 5 افراد جاں بحق و 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا ہے۔

ایل جی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سڑک حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ جانوں اور زخمیوں کے المناک نقصان پر گہرا صدمہ پہنچا ہے، میں سوگوار خاندانوں کے ارکان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کریں، جیسا کہ ضابطے میں فراہم کی جانی ہے، “۔