راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران ٹریفک نظام میں بہتری لانے ، راجوری میں پارکنگ سہولیات اور ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی ۔اس میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ، اے ڈی ڈی سی اے ایس چب ، اے سی ڈی نور عالم ، سی پی او اے ایچ چوہدری ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ، ڈی جی ایم جے کے پی سی سی ، اے آر ٹی او راجوری ، او سی بی آراو ، تحصیلدار راجوری ، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ میٹنگ کے دوران اس بات کا فیصلہ لیاگیاکہ سلانی پل ، ضلع ہسپتال چوک ، جواہر نگر ، درہالی موڑ اورمین سٹی میں پانچ پارکنگ سلاٹ تعمیر کئے جائیںگے۔ انہوںنے بتایاکہ یہ فیصلہ بھی لیاگیاکہ اے ایل جی سے درہالی موڑ ، سلانی سے پنجہ چوک ، جواہر نگر مارکیٹ ، گوجر منڈی سے عبداللہ پل اور دیگر اہم علاقوں میں یکطرفہ ٹریفک کیلئے بہتر انتظام کیاجائے گا۔اس دوران طارق پل سے نابن پل سڑک کی تعمیر کاجائزہ بھی لیاگیا۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی قیادت والی روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ریکورری گاڑیوں کی دس دنوں کے اندر خریداری کو منظوری دی تاکہ غیر سڑک کنارے غیر قانونی طور پر پارک کی جانے والی گاڑیوں کو اٹھایاجاسکے ۔ترجمان نے بتایاکہ بین محکمہ جاتی کمیٹی کو پرانی مغل روڈ بیلہ کالونی سے ایتی کاسروے اور جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تھنہ منڈی اور درہال کو متبادل روابط فراہم ہوسکیں جس سے ٹریفک کے دبائو میں کمی ہوگی ۔اس دوران شہر میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ میٹنگ میں بی آر او ، محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ مال کی طرف سے ناجائز تجاوزات کی تفصیلات پیش کی گئیں اور 270سے زائد ناجائز تجاوزات کی نشاندہی ہوئی جن کو بہت جلد ہٹانے کے اقدامات کئے جائیںگے جس کیلئے اخبارات میں نوٹس جاری کیاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کو پرانے بس اڈہ پر تارکول بچھانے کے کام میں تیزی لانے پر زور دیا ۔اس کے علاوہ سٹی پارکوں ، سرکولر روڈ اور متبادل لنک سڑکوں کی تعمیر پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔بعد ازآں ڈپٹی کمشنر نے دیگر افسران کے ہمراہ طارق پل سے نابن سڑک کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا اور اس کی جلد تکمیل پر زور دیا ۔