واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہاکہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اگلے مہینہ ہلسنکی میں مجوزہ میٹنگ میں وہ امریکی انتخابات میں ماسکو کی مبینہ مداخلت کا معاملہ اٹھائیں گے ۔مسٹر ٹرمپ نے نیو جرسی جانے کے دوران اپنے طیارہ اے ئر فورس ون پر نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر پوتن کے ساتھ 16جولائی کو ہونے والی چوٹی میٹنگ میں وہ شام اور یوکرین تنازعات اور دیگر بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ان سے تمام موضوعات پر بات چیت کروں گا۔مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ہم یوکرین کے بارے میں بات کرنے جارہے ہیں ، ہم شام کے بارے میں بات کرنے جارہے ہیں ۔ ہم انتخابات کے بارے میں بات کریں گے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ انتخابات میں کوئی بھی چھیڑ چھاڑ کرے ۔روس نے حالانکہ 2016میں امریکی صدارتی الیکشن میں مبینہ مداخلت کے امریکی خفیہ ایجنسیوں کے الزامات سے انکار کیا ہے ۔ اس الیکشن میں مسٹر ٹرمپ صدر منتخب ہوئے تھے ۔ ان الزامات کی وجہ سے ہی امریکہ نے اپریل میں روس پر سخت پابندیاں لگا دی تھیں۔نومبر 2017میں ویتنام میں مسٹر ٹرمپ اور مسٹر پوتن کی مختصر ملاقات کے دوران روسی مداخلت سے انکار کرنے کے بعد مسٹر ٹرمپ کی اپنے ملک میں کافی تنقید کی گئی تھی۔ مسٹر ٹرمپ پر مسٹر پوتن کی باتوں پر بھروسہ کرنے کے بھی الزامات لگائے گئے تھے ۔ مسٹر ٹرمپ نے کسی طرح کی بے قاعدگی کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم اور روس کے مابین ممکنہ تعلق کی جانچ کی ہدایت دی تھی۔شام اور یوکرین کے مسئلوں پر بھی امریکہ اور روس کے مابین کشیدگی ہے ۔ روس شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کرتا رہا ہے ۔ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کا الزام ہے کہ مسٹر اسد نے عام شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے ۔یو این آئی