’وندے بھارت‘ ٹرین اگلے سال ریل منصوبے کیلئے کل 6000کروڑ روپے مختص

  ادہمپور سرینگر بارہمولہ ریل لنک جنوری 24میں مکمل ہوگی: مرکزی وزیر

بلال فرقانی

 

سرینگر//مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے سال’ وندے بھارت ‘ریل گاڑیاں چلے گی کیونکہ جموں سرینگر ریل رابطہ اسی سال دسمبر یا جنوری 2024میںبحال کیا جائیگا۔سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کپواڑہ اور وادی کشمیر کے دیگر دو مقامات کو جلد ہی ہندوستانی ریلوے سے جوڑ دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں ریلوے کو بہتر بنایا جائے گا اور سال کے آخر تک بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا’’ٹیلی فون روابط،دہری لائنیں، پارسل سروسز، ہندوستانی ریلوے کے ذریعے سیمنٹ اور دواسازی کی تجارت کو سال کے آخر تک یقینی بنایا جائے گا، جبکہ سیب کی تجارت کے لیے سہولیات پر بھی غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادھمپور،سرینگر،بارہمولہ ریلوے لائن منصوبہ جنوری،فروری 2024 تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014 سے پہلے منصوبے کے لیے سالانہ بجٹ تقریباً 800 کروڑ روپے مختص کیا گیا تھا، جسے 2022-23 میں بڑھا کر 6,000 کروڑ روپے کر دیا گیا ۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ادھمپورسرینگربارہمولہ، ٹرین سروس سے جڑنے کے بعد، اس ریل سیکشن میں خصوصی طور پر بنائی گئی وندے بھارت ٹرینوں کو متعارف کرایا جائے گا۔ اس سے قبل مرکزی وزیر نے بڈگام ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور کیرج اینڈ ویگن ڈیپو، بڈگام میں ٹرینوں کی دیکھ بھال سے متعلق مختلف طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ٹرینوں کی دیکھ بھال سے متعلق تمام امور پر افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور ضروری ہدایات دیں۔و شنو نے خصوصی معائنہ کار کے ذریعے بڈگام سے بارہمولہ تک ریل سے سفر کیا۔ انہوں نے ریلوے سیکشن کی حفاظت اور سلامتی کا تفصیلی جائزہ لیا اور بارہمولہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ وزیر موصوف نے متعلقہ ریلوے افسران کے ساتھ بارہمولہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ریلوے ملازمین سے بھی بات چیت کی اور ’’ایک اسٹیشن ایک پروڈکٹ‘‘ کے ڈرائی فروٹ اسٹال کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بارہمولہ کے مقامی خشک میوہ جات کی تعریف کی اور ان میوہ جات کو ادائیگی کے ڈیجیٹل موڈ کا استعمال کرتے ہوئے خریدا۔ ویشنونے سرینگر ریلوے اسٹیشن پر پارسل آفس کا افتتاح کیا ۔ وزیر موصوف نے سرینگر ریلوے اسٹیشن پر ’’ایک اسٹیشن ایک پروڈکٹ‘‘ کے اسٹال کا بھی معائنہ کیا۔