پرویز احمد
سرینگر //وزیر صحت سکینہ ایتو کی یقین دہانی کے بعد نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز نے اپنی ہڑتال 2ماہ کیلئے ملتوی کردی ہے۔ نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ، گولڈن ہینڈ شیخ اور سوشل سیکورٹی جیسے مطالبات پر نظر ثانی کرنے اور ان کو پورا کرنے کیلئے 2ماہ کا وقف دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالروف نے بتایا کہ وزیر صحت کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن اور وزیر صحت کے ساتھ خصوصی طور پر تعینات افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ مثبت ماحول میں ہوئی ہے جس دوران وزیر صحت سکینہ ایتو نے تنخواہوں میں اضافہ، گولڈن ہینڈ شیک سکیم اور سوشل سیکورٹی پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عبدالروف نے بتایا کہ ایسوسی این نے وزیر صحت کی درخواست پر مطالبات کو پورا کرنے کیلئے حکومت کو 2ماہ کا وقت دیتے ہوئے ہڑتال 2ماہ کیلئے ملتوی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات پر غور کرکے 2ماہ کے اندر اندر راحت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن 2ماہ بعد صورتحال کا جائزہ لے گی اور آگے کی لائحہ عمل طے کرے گی۔اس دوران وادی کے تمام ضلع اور سب ضلع اسپتالوں میں جمعرات کو پھر سے معمول کا کام کاج بحال ہوگیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو ہڑتال کی وجہ سے تمام ضلع اور سب ضلع اسپتالوں کے علاوہ ٹریشری کیئر ہسپتالوں میں ہڑتال کی وجہ سے روز مرہ کا کام کاج متاثر ہوا تھا۔