محمد تسکین
بانہال// وادی چناب کے باقی اضلاع کی طرح ضلع رام بن میں بھی وقفے وقفے کی بارشوں کا سلسلہ جمعرات کو دوسرے روز بھی جاری رہا جس کی وجہ سے ضلع رام بن کے علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ۔گزشتہ ماہ 20 فروری کے بعد سرما میں ہی موسم گرما ہوگیا تھا اور 15مارچ تک ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے پارے کی وجہ سے وادی چناب کے تقریباً تمام علاقوں میں لوگوں نے گرم ملبوسات کو اتار پھینکا تھا اور لوگ ایک قمیض اور ہاف ٹی شرٹ میں گھومنے پھرنے لگے تھے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق 16 مارچ کو موسم نے کروٹ لی اور بارشوں اور برفباری کے سلسلے کے بعد سردی کی شدت میں یکلخت اضافہ ہوگیا اور لوگوں کو ایکبار پھر جیکٹ ، فرن ، سویٹر اور دیگر گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ گرمی فراہم کرنے کے آلات ہیٹر اور بوائلر کا استمال کرنا پڑ رہا ہے۔ بدھ کی صبح سے وادی چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کی طرح ضلع رام بن میں شروع ہوئی ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ جمعرات کی شام تک جاری تھا جبکہ ضلع رام بن کے علاوہ وادی چناب کے پیر پنجال اور ہمالیائی پہاڑی سلسلوں میں بارش کے ساتھ ساتھ تازہ برفباری بھی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک جموں و کشمیر کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑی سلسلوں اور دروں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔