وادی ، جموں، خطہ چناب و پیر پنچال میں یوم عاشورہ پرذوالجناح کے بڑے جلوس بر آمد ہزاروں عزاداروں کی شرکت اور نوحہ خوانی،آبی گذرمیں جزوی بندشیں رہیں

بلال فرقانی

 

سرینگر// سرینگر میں جڈی بل سمیت جنوب و شمال کو10محرم کی مناسبت سے تعزیہ اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے ،تاہم لالچوک کے آبی گزر علاقہ میںمختصر وقت تک بندشیں عائد رہیں۔اس دوران وادی بھر میںیوم عاشورہ کے موقعہ پر عزاداری اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے،جن میں سینکڑوں کی تعداد میں عزاداروںنے شرکت کر کے نوحہ خوانی کی۔ ضلع حکام نے پہلے ہی آبی گزر سے روایتی ماتمی جلوس نکالنے پر پابندی عائد کی تھی ۔منگل کی صبح سے ہی آبی گزر میں بندشیں عائد کی گئیں اور لالچوک کو ریگل چوک اور امیرا کدل سے بند کیا گیا۔ خاردار تاریں لگا کر لالچوک علاقے میں ہر طرح کی آمد و رفت بند کی گئی۔ لیکن کچھ وقت کے بعد یہ بندشیں بھی ہٹائی گئیں ۔ آبی گذر کے علاوہ شہر کے کسی بھی حصے میں بندشیں نہیں رہیں ۔8محرم کے برعکس10محروم کو موبائل انٹرنیٹ سروس بھی منقطع نہیںکی گئی جبکہ شہر میں نجی گاڑیوں کی آمدرفت بھی حسب معمول جاری رہی۔ شہر سرینگر میں جلوس کے راستوں پر سیکورٹی کا کڑا بندوبست کیا گیا تھا جہاں راستے میں نہ صرف سرکاری محکموں کی جانب سے مشروبات اور پانی کا انتظام کیا گیا تھا بلکہ غیر سرکاری رضاکار تنظیموں کی جانب سے بھی اس طرح کے انتظامات دیکھے گئے۔ غیر معمولی سیکورٹی انتظامات اور عزاداروں کے جلوسوں کے پیش نظر شہر کے دیگر علاقوں میں کاروباری ادارے،تجارتی مراکز،مصروف بازار اور دکانیں جزوی بند رہیںجبکہ سڑکوں پرنجی گاڑیاں چلتی رہیں۔

خطہ کشمیر

شہر سرینگر میں ذوالجناح کا سب سے بڑا جلوس گلشن باغ مدین صاحب سے برآمد ہو کر خانقاہ میر شمس الدین آراجڈی بل سرینگر میں اختتام پذیر ہوا۔علم شریف کا جلوس سکیورٹی کے سخت حصار میںبرآمد ہوا اور جڈی بل میں اختتام پذیر ہوا۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور جلوس اور مجالس کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے فول پروف اقدامات کئے گئے تھے ۔ بٹہ کدل سے جڈی بل تک پورے راستے میں ہر طرح کی نقل و حمل بند کی گئی تھی اور گاڑیوں کو متبادل راستے فراہم کئے گئے تھے۔تاہم لالچوک سے رعناواری درگاہ اور نوہٹہ ، نامہ مار روڑ اور راجوری کدل چوک تک گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہی۔اس ماتمی جلوس میں ہزاروںلوگوں نے شرکت کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی۔بڈگام میںعاشورہ کا سب سے بڑا جلوس امام باڑہ میر گنڈ سے برآمد ہوکر مرکزی امام باڑہ بڈگام میں اختتام پذیر ہوا ۔ اس کے علاوہ گوجرہ بڈگام ، چھترگام چاڑورہ ،خندہ، ماگام، ایچھہ ہامہ کھاگ ، بوگہ چھل خانصاحب ،جہامہ بڈگام، اتِنہ،سونہ پاہ،  دندوسہ محلہ بٹ چک ، اسکندر پورہ ،،، سٹھسو کلاں چاڑورہ، سنزی پورہ، کینہ ہامہ چاڑورہ، توحیدیہ اسکول شالنہ،  ،گنڈحسی بٹ ، گامدو گاڑہ کھڈ ،امام باڑہ اندرکوٹ ، اندکھلو سوناواری، لالہ حاجی اوڑینہ ،نوگام پائین ، بڈی پورہ سوناواری ،چھانہ محلہ نوگام بانڈی پورہ ،سمبل ، حاجن ، نائد کھائی ، ملہ پورہ دوسلی پورہ پٹن ، کھنہ پیٹھ ، زاڈی محلہ، کمل کوٹ اوڑی ، ڈب گاندربل ، گانگو،وکھرون پلوامہ و،پنیر جاگیر ترال، اورچھتر گل اننت ناگ شامل ہیں ۔

صوبہ جموں

جموں صوبے میں متعدد مقامات پر عزاداروں کے جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔جموں شہر میں بہت بڑا جلوس وزارت روڑ سے شہیدی چوک کے ہوتے ہوئے کربلا کمپلیکس پیر مٹھا پر ختم ہوا۔ جلوس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کر کے مرثیہ و نوحہ خوانی کی۔دوسرا بڑا جلوس جانی پورہ سے نکلا جو امپھلا کے نزدیک امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔خطہ چناب میں سرینگر جموں شاہراہ پر چند رکوٹ میں تعزیہ کا جلوس نکالا گیا۔ اس موقعہ پر شاہراہ پر کچھ وقت تک ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ادھر پیر پنچال خطہ میں سب سے بڑے جلوس راجوری، گورسائی مینڈھر، پونچھ ٹائون، سرنکوٹ اور منڈی میں نکالے گئے جن میںسینکڑوں عزاداوں نے شرکت کی۔جموں  کے علاوہ چندرکوٹ، راجورہ، پونچھ و دیگر علاقوں میں عزاداروں اور ذوالجناح کے جلوسوں کی سیکورٹی سخت کی گئی تھی۔ اس دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے عام لوگوں نے انتظامیہ کوبھر پور تعاون دیا۔

 

ناانصافی کیخلاف  جدوجہد کی یاد:مودی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یوم عاشورہ پر حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں کو یاد کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ  کو حق کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا، “آج کا دن حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہیں سچائی کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی اور ناانصافی کے خلاف لڑائی کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔”انہوں نے مساوات اور بھائی چارے کو بھی بہت اہمیت دی۔”

 

 

وجے کمارکی عاشورہ  جلوس میں شرکت 

سرینگر//انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار(اے ڈی جی) نے جڈی بل میں عاشور ہ کے جلوس میں شرکت کی ، ان کے ہمراہ ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال اور دیگر سینئر افسران بھی تھے۔کشمیر پولیس زون نے ٹویٹر پر لکھاہے’’ اے ڈی جی پی وجے کمار نے ایس ایس پی سرینگر اور دیگر افسران کے ساتھ حضرت امام حسین (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر 10ویں محرم کے جلوس میں شرکت کی اور امام حسینؑ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ذوالجناح کے جلوس میں شریک بھی ہوئے ۔