واشنگٹن//عالمی وبا کووڈ -19 سے دنیا میں سب سے زائد متاثر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس کی روزانہ کورونا وائرس کی جانچ ہوگی ۔ دراصل وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی پر مامور ایک سکیورٹی اہلکار کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد دونوں کا روزانہ کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ سکیورٹی اہلکار صدر ٹرمپ کی ذاتی سکیورٹی میں تعینات ہے تاہم صدر نے کہا ہے کہ اس سکیورٹی اہلکار سے ان کا رابطہ بہت کم رہا ہے ۔ صدر نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں جمعرات کو صحافیوں سے کہا ‘‘ کورونا پازیٹو اہلکار سے میرا بہت ہی کم رابطہ رہا ہے ۔ میں اسے جانتا ہوں، نائب صدر پنس کا بھی اہلکار سے بہت زیادہ رابطہ نہیں ہے ، اس کے باوجود دونوں نے جانچ کرائی ہے ’’ ۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر اور وائٹ ہاؤس کے دیگر تمام عملے کی روزانہ کورونا جا نچ کی جائے گی ۔ دونوں کی بدھ اور جمعرات کو وائرس جانچ ہوئی جس کی رپورٹ منفی آئی ۔ یواین آئی