جموں// نٹرنگ کے 35 سال مکمل ہونے کی یاد میں28مارچ 2019سے نٹرنگ اسٹڈیو تھیٹر میں 10واں تھیٹر فیسٹول شروع ہو رہا ہے۔ منگل کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے نٹرنگ کے ڈائریکٹر بلونت ٹھاکور نے دیتے ہوئے کہا کہ مئی2018سے ہر ماہ اس سلسلہ میں4 ۔روزہ تھیٹر فیسٹول منعقد کیا جاتا ہے اور 28مارچ 2019سے 10واں تھیٹر فیسٹول شروع ہو رہا ہے۔ فیسٹول کا افتتاح بھگوتی چرن ورما کے تحریر کردہ ناٹک’’ سب سے بڑا آدمی‘‘ سے کیا جائے گا۔جبکہ 29 مارچ کو ہندی مزاحیہ ڈرامہ ’’لاٹری کے ٹکٹ‘‘ 30 مارچ کو پرتاپ سہگل کا ’’دفتر میں ایک دن ‘‘ اور 31 مارچ کو 'Riders to the Sea' پیش کیا جائے گا۔تمام ڈرامے نٹرنگ اسٹڈیو تھیٹر،کچی چھاونی ،جموں میں پیش کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نٹرنگ کے35سال مکمل ہونے پر نٹرنگ نے 9تھیٹر فیسٹول منعقدکئے ہیں۔ نٹرنگ کا قیام 15مئی1983کو عمل میں لایا گیا تھا ،جس میں دو منفرد مختصر ڈرامے ’’نیلی جھیل ‘‘ اور ننھے کندھے ،ننھے پیار‘‘ پیش کئے گئے تھے ۔ نٹرنگ نے اپنی مثالی کارکردگی سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا نام روشن کیاہے۔نٹرنگ کو بھارت کے علاوہ روس، جرمنی، انگلینڈ، سنگاپور، تُرکی، ہنگری ،پولینڈ اور متحدہ عرب عمارات میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس میں نٹرنگ کے سینئر عہدہ در نیرج کانت اور سمیت شرما بھی تھے۔